حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران نے حالیہ دنوں میں ناروے کے شہر کرسٹیان سینڈ میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف ردعمل میں دارالحکومت تہران میں تعینات ناروے کے ناظم الامور کو طلب کرکے اس اقدام کے خلاف شدید احتجاج کیا.
اسلامی جمہوریہ ایران نے حکومت ناروے کو انتہا پسندی اور تشدد کو پھیلانے میں اس طرح کے اقدامات کے خطرناک نتائج سے خبردار کیا۔
اس موقع پر ایرانی محکمہ خارجہ میں تعینات شمالی یورپ کے امور کے سربراہ نے ناروے کے اس اقدام کے ذریعے دنیا کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے ناروے کے ناظم الامور پر واضح کیا کہ اظہار آزادی کے نام پر اس طرح کے اقدامات کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
ایران نے ناروے کے حکام پر زور دیا کہ اس قسم کے شر انگیز اقدام کے ملزم کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچنے کے لیے اقدامات کیے جائیں.
واضح رہے کہ ناروے کے شہر کرسٹیان سینڈ میں گزشتہ دنوں ایک اسلام مخالف ریلی نکالی گئی تھی اور اسی دوران یہ لوگ ایک جگہ جمع ہوگئے تھے، جہاں ایک شخص نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی تھی۔